قلات: پی بی 37قلات سے آزاد امیدوار ٹکری شفقت لانگو نے کہا ہے کہ ہماری سیاست شخصیت پرستی ، لسانیت اور قبا ئلیت سے بلکل پاک ہے میں ایک نظریہ اور عوامی مفاد کو مد نظر رکھ کر انتخابات میں حصہ لے ر ہا ہوں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان پوائنٹ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا نظریہ عوامی خدمت ہے اور اس کی سیاست مخصوص علاقہ زبان اور قبیلے تک محدود نہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہید عبدالخالق کے سیاسی وارث نیشنل پارٹی کے نظریاتی ورکرز ہیں۔ ٹکری شفقت لانگو نے مزید کہا کہ کامیابی کی صورت میں قلات کو گیس کی مستقل بحالی، تعلیم اور صحت کی فراہمی اہم ترجیح ہے اور ترقیاتی کاموں میں عوامی سروے کی بنیاد پر ضروریات کوتر جیح دینگے۔
ٹکری شفقت لانگو نے مزید کہا کہ صوبائی اسمبلی کے چند امیدوارو ں کی حمایت کی وجہ سے میری پوزیشن مضبوط ہورہی ہے اور امید ہے کہ خالق آباد سمیت قلات شہر سے مجھے کافی ووٹ حاصل ہونگے تاہم کامیابی ہو یا ناکامی ہم دونوں صورتوں میں عوام کے درمیان ہونگے اور عوامی مسائل اجاگر کرکے ان کو حل کروانے کی کوشش کرینگے گوکہ مجھے ایک امیدوارکی حمایت کرنے کے لیے بار بار کہا جارہا ہے مگر میں عوامی حمایت حاصل کرنے اور مقابلہ کرنے کے لیے میدان میں اترا ہوں اور مقابلہ کرونگا۔
ٹکری شفقت لانگو نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عوامی نماہندوں کا اصل کام ٹرانسفارمر، نالی یا روڈ کی فراہمی پر سیاست نہیں بلکہ قانون سازی کے ذریعے عوامی فلاح اور ترقی کو مستقل بنیادوں پر یقینی بنا نا ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے ادوار میں عوامی وسائل کاغلط استعمال ہوا اور ترقیاتی فنڈز کو غلط لوگوں کے ذریعے تقسیم کیا گیا جوکہ عوامی دولت یا وسائل کا نقصان ہیں کیونکہ اس میں عوامی ترجیحات شامل نہیں تھیں۔