Latest News

صوبے کی ترقی کیلئے تعلیم نہایت اہمیت کا حامل ہے : صوبائی مشیر تعلیم بلوچستان

کوئٹہ: صوبائی مشیر تعلیم حاجی محمدخان لہڑی نے ہفتے کے روز کوئٹہ سمیت ضلع مستونگ اور کچھی کے مختلف سکولوں کا اچانک دورہ کیا۔ ان میں گورنمنٹ گرلز ماڈل سکول پولی ٹیکنیک بی بی زیارت گورنمنٹ ہائی سکول نواب اکبر خان بگٹی سریاب ملز گورنمنٹ بوائز ہائی سکول سپیزنڈ ضلع مستونگ گورنمنٹ بوائز سکول کولپور ضلع کچھی گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کولپور شامل ہیں۔

اس موقع پر صوبائی مشیر تعلیم حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ صوبے کی ترقی کیلئے تعلیم نہایت اہمیت کا حامل ہے اور اقوام عالم کے مقابلے میں کھڑے ہونے کے لئے تعلیم کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک بہتر اور مثالی معاشرے کی تشکیل کے لیے تعلیم کے فروغ اور اسکی افادیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت تعلیم کے معیار میں بہتری اور جدت لانے کے لئے کوشاں ہے۔ اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان تعلیم کے شعبے کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اس موقع پر انہوں نے بعض سکولوں میں بعض غیر حاضر اساتذہ کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لانےکے احکامات بھی جاری کیے۔

دورے کے دوران انہوں نے طلباء سے مختلف سوالات بھی کیے انھوں نے گورنمنٹ گرلز مڈل سکول پولی ٹیکنیک بی بی زیارت کے اسٹاف کو ڈیوٹی پر حاضر پاکر مسرت کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ سکول کا عملہ آئندہ بھی ایسی محنت اور اخلاص سے اپنے فرائض سرانجام دیتی رہے گی۔

صوبائی مشیر تعلیم گورنمنٹ ہائی سکول نواب اکبر خان بگٹی سریاب ملز کے اچانک دورے کے موقع پر جماعت دہم کے طلباء کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں شریک ہوئے اس موقع پر طلباء نے انہیں اپنے درمیان پا کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ طلباء نے مشیر تعلیم کے ساتھ گروپ تصویریں بھی بنائی اس موقع پر مشیر تعلیم حاجی محمد خان لہڑی طلبا میں گھل مل گئے اور ان سے مختلف امور پر بات چیت کی انہوں نے اپنے پیغام میں طلبہ کو بھرپور محنت، خلوص نیت اور جانفشانی سے اپنی تعلیم جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

ویب ڈیسک

Comments
Print Friendly, PDF & Email