Latest News

مستونگ دھماکہ: بی اے پی کے سراج رئیسانی سمیت 50جاں بحق اور 110 زخمی

کوئٹہ: مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے انتخابی امیدوار سراج رئیسانی کے قافلے کے قریب دھماکہ, سراج رئیسانی سمیت پندرہ افراد جاں بحق۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ مستونگ کے علاقے درینگڑھ میں سراج رئیسانی کے قافلے کے قریب ہوا۔ دھماکے میں سراج رئیسانی شدید زخمی ہوگئے ہیں جنہیں کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دھماکے میں  50 افراد جاں بحق جبکہ 110سے زائد زخمی ہوگئے ہیں زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ لیویز ذرائع کےمطابق دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ دھماکے کے بعد سول اسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ دوسری جانب نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

سراج رئیسانی سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے بھائی تھے۔ وہ بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے حلقہ پی بی 35 سے صوبائی امیدوار تھے۔سراج رئیسانی کا 14 سالہ بیٹا بھی سنہ 2011 میں ہونے والے ایک دہشت گرد حملے میں جاں بحق ہوچکا ہے۔رواں سال انتخابات کے دوران انتخابی امیدواروں پر کیا جانے والا یہ تیسرا حملہ ہے۔

 آج صبح بنوں میں متحدہ مجلس عمل کے امیدوار اکرم درانی کے قافلے پر بم حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں  4 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوئے جبکہ اکرم درانی محفوظ رہے۔

Comments
Print Friendly, PDF & Email