Latest News

ڈپٹی کمشنر جناب شفقت انور شاھوانی کے نام ایک کھلا خط

ڈپٹی کمشنر جناب شفقت انور شاھوانی کے نام ایک کھلا خط

اسلام علیکم
بعد از سلام جناب عرض ہے کہ گزشتہ سات مہینوں سے میری یہ خواہش تھی کہ آپ سے ملوں اور آپ کی پنجگور کے حوالے سے کئے گئے خدمات کو سراہوں اور عوام کی زبان سے آپ کے حق میں وہی الفاظ ادا کرکے آپ کو مزید حوصلوں دوں تاکہ آپ اس سے زیادہ جدوجہد کرکے پنجگور کو مزید بہتر بنانے اور پنجگور کے تمام اداروں کو اس سے بہتر پوزیشن پر لانے کیلئے اس سے بہتر اپنا کردار ادا کر سکیں.آپ کی پوسٹنگ کے چند دن گزرنے کے بعد ہمارے علاقے میں ایک گھر میں آگ لگنے کے وقت میرے بیٹے نے آپ کی موجودگی کا زکر کرتے ہوئے مجھے یہ سوچنے پر مجبور کردیا کہ پنجگور کے ایک علاقے میں آگ لگنے کے دوران ایک ڈپٹی کمشنر کی بذات خود جائے وقوعہ پر پینچ کر آگ کو بُجھانے کی پنجگور کی تاریخ میں یہ پہلا واقعہ ہے کہ آگ کو ختم کرنے تک ایک ڈپٹی کمشنر اپنی فورس کے ساتھ موجود رہے.پنجگور جیسے ایک بد امن ضلع میں اپنی ٹیم کے ساتھ مل کرآپ نے پنجگور کی بد امنی کو ختم کرنےاور یہاں کے تعلیمی اداروں کو بہتر بنانے اور پنجگور کے نوجوانوں کو تعلیم کی اہمیت اور کتابوں سے محبت دلانے کیلئے مختلف علاقوں کے لائبریریوں کو فنکشنل کرکے پنجگور کو تعلیمی حوالے سے ٹریک پر لانے کیلئے جو کردار ادا کیا اس کو میں الفاظ کے ساتھ بیان نہیں کر سکتا.ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایک روزہ تعلیمی میلہ کے انعقاد کو ممکن بنانے کیلئے آپ نے جو جدوجہد کی اس کو پنجگور کے طلبا وطالبات اور دیگر مکتبہ فکر کے لوگ یاد کرکے آپ کا زکر ضرور کریں گے.پنجگور میں تجاوزات کو ختم کرنے اور پنجگور نیو کمپلکس بازار کو فنکشنل کرکے پنجگور کے عوام کے ایک دیرینہ خواب کو حقیقت میں تبدیل کرکے آپ نے یہ ثابت کردیا کہ سب کچھ ممکن ہے اگر انسان میں کچھ کرنے کی صلاحیت ہو.پنجگور کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائی کرکے یقیناً آپ نے اپنے لئے مسائل پیدا کئے ہیں لیکن مسائل پر سمجھوتہ کرکے آپ نے پنجگور کے عوام کو اکیلا نہیں چھوڈا اور جرائم پیشہ افراد کا گھیرا تنگ کرکے آپ یہاں کے عوام کے پسندیدہ ڈپٹی کمشنر بننے میں کامیاب ہوئے ہیں. بونستان پبلک لائبریری میں بچوں سے مل کر اُن کے سوالات کا جواب دینے اور اُن کو علم کی اہمیت اور کتابوں سے محبت کرنے کا جودرس آپ نے دیا اس کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا.چتکان میں سالوں سے غیر آباد اور ویران پبلک لائبریری کے تالے تھوڈ کر کتابوں کی الماری کو صاف کرکے اس کو حقیقتاً ایک لائبریری کا روپ دے کر آپ نے پنجگور کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو ایک پیغام دیا کہ قوموں کی ترقی کا راز ہی تعلیم اور کتابوں میں پوشیدہ ہے اور آپ کے اس عمل سے لائبریریوں کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے.پنجگور پریس کلب جو ہر دورمیں عدم توجہی اور عدم دلچسپی کا شکار رہا ہے آپ نے اس کو مرمت کرکے صحافت کیلئے راہیں کھولنے اور صحافت کو ایک اہم پیشہ بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرکے پنجگور کے صحافیوں اور لکھاریوں کو اپنا مقروض بنا دیا. پنجگور کے صحافی اور لکھاری زندگی بھر آپ کا مشکور و ممنون رہیں گے.جناب مجھ جیسے ایک ادنیٰ لکھاری کیلئے آپ کی خدمات کو قلم بند کرنا مشکل نہیں بلکہ ناممکن ہے لیکن آپ کے جانے کی خبر سُن کر سوچا کہ آپ کو ایک خط لکھوں.سر یہ سچ ہے کہ ٹرانسفر اور پوسٹنگ ملازمت کے حصے ہوتے ہیں اور یہ ہوتے رہیں گے لیکن پنجگور کی تاریخ میں یہ لکھا جائے گا کہ ایک مشکل دور میں پنجگور سے ایک مہربان، شفیق، نڈر اور جدوجہد کرنے والے آفیسر کو صرف اسی لئے تبدیل کردیا گیا کہ وہ عمل کرنے والے اور عوام کی دلوں میں راج کرنے والا آفیسر تھا. وہ ایک طبقہ کی ترجمانی کرنے والا نہیں بلکہ پورے ضلع کا ڈپٹی کمشنر تھا.آپ سے پہلی اور آخری ملاقات میں آپ کی شخصیت اور آپ کے اندر ایک بے باک اور نڈر آفیسر سمیت ایک درد رکھنے والے شخص کو میں نے پایا. آپ سے مل کر مجھے یہ اندازہ ہو گیا کہ آپ کیوں یہاں کے عوام کے پسندیدہ بن گئے ہیں کیونکہ آپ دوسروں کے کہنے پر فیصلے نہیں کرتے بلکہ اپنے اندر بسنے والے اور بہترین منصف کے کہنے پر فیصلہ کرتے ہیں. سر آپ کی خدمت میں یہ عرض کرتا چلوں کہ شاید آپ کو یہ پتا نہیں تھا کہ پنجگور میں جو آفیسر دوسروں کے کہنے کو ٹکرا کر اپنے اندر رہنے والے جج کے فیصلوں پر عمل کرکے ایمانداری کا مظاہرہ کرتے ہیں وہ دیر تک پنجگور میں نہیں رہ سکتے.کاش آپ پنجگور کے مفادات میں کچھ سمجھوتہ کرکے کچھ دیر مزید ٹہر جاتے تاکہ پنجگور کو اس سے ایک بہتر پوزیشن پر لا سکتے لیکن مجھے یہ پتہ ہے کہ اکثر انسان اپنے اندر رہنے والے کی بات کو مانتے ہوئے غلامی کی زنجیروں کو تھوڈ دیتے ہیں. آپ اُن میں سے ہیں جن کے اپنے سوچنے کے انداز اور اپنے فیصلے ہوتے ہیں وہ دوسروں کے کہنے سے زیادہ اپنے من کا فیصلہ کرکے تاریخ رقم کر دیتے ہیں.سر پنجگور کے عوام آپ کو کبھی نہیں بھولتے اور آپ ہمارے دلوں میں ہمیشہ رہے ہیں.

فقط آپ کا اپنا رفیق چاکر پنجگور پریس کلب ….

Comments
Print Friendly, PDF & Email